حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کی اعلیٰ کونسل کی جانب سے حوزوی طبقات کے ساتھ جاری نشستوں کے سلسلے میں تیسری نشست حوزہ علمیہ کی اعلیٰ کونسل کے سیکرٹریٹ کے ذمہ دار کی حوزوی میڈیا نمائندوں کے ساتھ منعقد ہوئی۔ جس میں حوزوی میڈیا کے سرگرم کارکنان نے ایک خوشگوار ماحول میں مکمل صراحت اور شفافیت کے ساتھ اپنے نکات، تنقیدات اور تجاویز پیش کیں۔
رپورٹ کے مطابق حوزہ علمیہ کی اعلی کونسل کے سیکرٹریٹ کے مسئول حجت الاسلام والمسلمین احمد فرخ فال نے اس نشست کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا: میں خداوندِ منان سے دعا گو ہوں کہ یہ نشست اور زحمات حضرت امام زمان علیہ الصلاة والسلام کی بارگاہ میں مقبول ہو۔
انہوں نے مزید کہا: امام خمینی (رہ) نے اسلامی جمہوری نظام میں خدا کی طرف ہدایت کی بنیاد رکھی اور اس تحریک کی ضمانت دینے والا راز ولایت ہے۔ اگر ولایت نہ ہو تو اسلامی نظام کا کوئی مفہوم باقی نہیں رہتا بلکہ یہ انتشار کا شکار ہو جاتا ہے اور اسے الٰہی نظام نہیں کہا جا سکتا۔

حوزہ علمیہ کی اعلی کونسل کے سیکرٹریٹ کے مسئول نے مزید کہا: جامع اور ارتقائی الٰہی نظام ولایت کے بغیر ممکن نہیں اور امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے بھی خطبۂ شقشقیہ میں اسی نکتے کی وضاحت فرمائی ہے۔
انہوں نے شام کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا: دشمن جمہوریہ اسلامی ایران کے لیے بھی یہی منصوبہ رکھتا ہے۔ اسی لیے ماہِ مبارک رمضان کی اس شب ہم حضرت امام زمان (عج) سے استمداد طلب کرتے ہیں اور دعا کرتے ہیں کہ وہ ان مبارک راتوں میں رہبرِ معظم انقلاب کی سلامتی کے لیے اپنے دستِ مبارک بلند فرمائیں کیونکہ وہ اس نظام کا فولادی ستون ہیں اور ان شاء اللہ دشمن منہ کی کھائے گا اور اپنے ہی سرزمین کی طرف لوٹ جائے گا۔
قابل ذکر ہے کہ اس نشست میں حمید برزگار، سعید عبداللہی، حسین کاوہ، سید علی رضا خشرو، علی اسفندیار، سلمان رئوفی، احمد نجمی، حسن صدرایی عارف، جمال نصیری، محمدمہدی محققی اور رضا رستمی نے بھی انتہائی خوشگوار ماحول میں مکمل صراحت اور شفافیت کے ساتھ اپنے خیالات، تنقیدات اور تجاویز پیش کیں۔









آپ کا تبصرہ